کابل جان ہوٹل کے مالک ہاشم خان نورزئی کے قتل کا نوٹس، وزیر داخلہ بلوچستان نے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کابل جان ہوٹل کے مالک ہاشم خان نورزئی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 24 گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قتل کے ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اس مقدمے کی تحقیقات ہر پہلو سے مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائیں تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert