کوئٹہ میں تھریٹ الرٹ: سیکیورٹی ہائی الرٹ، کوئٹہ کراچی شاہراہ 24 گھنٹے بندش کے بعد بحال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ممکنہ سیکیورٹی خدشات اور تھریٹ الرٹ کے پیش نظر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کے باعث فوج، فرنٹیئر کور(ایف سی)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر شہر کے مختلف حساس مقامات پر سرچ آپریشن، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
یو این اے کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، بازاروں، چوراہوں، حساس سرکاری عمارتوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جہاں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی مکمل تلاشی کے ساتھ قومی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ کو تقریبا 24 گھنٹے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے، جس کے بعد مسافر گاڑیوں اور مال بردار ٹرانسپورٹ کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی۔
تاہم شاہراہ پر مختلف مقامات پر سخت چیکنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تھریٹ الرٹ کے بعد حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ حساس تنصیبات، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ فوری ردعمل کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔سیکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور اگر کسی ضروری کام کے لیے باہر جانا ناگزیر ہو تو اپنا قومی شناختی کارڈ، گاڑی کے رجسٹریشن کاغذات، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری دستاویزات لازما اپنے ساتھ رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ چیک پوسٹوں پر اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص، لاوارث بیگ، گاڑی یا غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس، ایف سی یا دیگر متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو دیں۔ یو این اے کے مطابق موجودہ سیکیورٹی انتظامات اگلے احکامات تک برقرار رہیں گے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert