ہماری کوشش ہے ٹیم میں ایک سے زیادہ کپتان موجود ہوں، مائیک ہیسن

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹیم میں ایک سے زیادہ کپتان موجود ہوں۔
پاکستان کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان کا روایتی کپتانی کا ڈھانچہ اکثر سابق کپتانوں کو عہدہ چھوڑنے کے بعد بالکل تنہا کردیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹیم میں متعدد لیڈرز تیار کرنے پر کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہاں کا کلچر مل جل کر آگے بڑھنے کے بجائے زیادہ تر احکامات والا رہا ہے۔
ہیڈ کوچ نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کو کپتان نہ رہنے کے بعد بھی فیصلے سازی میں اپنا حصہ ڈالتے رہنا چاہیے، پاکستان کرکٹ میں ہمارا مقصد ایک ایسا ماحول بنانا ہے جہاں سینئرز کرکٹرز میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ قیادت اور تعاون فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں عام طور پر یہ ہوتا ہے کہ جب آپ کپتان ہوتے ہیں اور پھر جب نہیں رہتے تو آپ اچانک ہر فیصلہ کرنے والے مقام سے ہٹ کر کسی بھی فیصلے میں شامل نہیں رہتے، ہم اس چیز کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جب آغا ٹی ٹوئنٹی کے کپتان تھے تو ان کے پاس ایسے کئی کھلاڑی موجود تھے جن پر وہ میدان کے اندر اور باہر بھروسہ کر سکتے تھے اور ہم شاہین کے ساتھ بھی ایسا ہی کریں گے۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیک ہیسن کا ماننا ہے کہ ایک وسیع تر لیڈرشپ گروپ بنانے سے طویل مدت میں پاکستان کو مضبوطی ملے گی۔
ہیسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ ماڈل کی بھی حمایت کی اور اسے ایک مستقبل مزاج نظام قرار دیا جسے جدید کرکٹ کے بدلتے ہوئے منظر نامے سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
