اسلام آباد میں 4 خواتین کا جعلی مجسٹریٹ بن کر جرمانے وصول کرنے کا انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملکی دارالحکومت اسلام آباد میں چار خواتین کی جانب سے جعلی مجسٹریٹ بن کر جرمانے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جعلی مجسٹریٹ بن کر جرمانے وصول کرنے والی چاروں خواتین کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان ترنول کے علاقے میں جعلی مجسٹریٹ بن کر چھاپے مارتی تھیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ چار میں سے ایک خاتون نے خود کو مجسٹریٹ ظاہر کیا، جعلی ٹیم نے 3 ہوٹلوں میں انسپکشن کی اور بھاری جرمانے لیے، اطلاع ملنے پر کارروائی کی تو خواتین نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم گرفتار کر لیا گیا۔
خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تھانہ ویمن منتقل کر دیا گیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
