عورتوں کو سب سے پہلے ایک اچھی ماں بننے پر توجہ دینی چاہیے، کنگنا رناوت
کنگنا کے مطابق، خواتین میں محبت، نگہداشت اور پرورش کا جذبہ قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے معاشرے میں عورت کے کردار سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گھریلو کام عورت کی ذمے داری قرار دیے ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل کے خواتین سے متعلق بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دوسروں کی دیکھ بھال کرنا اور پرورش کرنا تو خواتین کی فطرت میں شامل ہوتا ہے اور دوسروں کی دیکھ بھال کرنا ان کے لیے صرف ذمے داری نہیں بلکہ خوشی اور فخر کا باعث ہے‘‘۔
کنگنا نے ایکس پر گورنر کی تقریر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بچپن سے ہی انہیں گڑیوں کے لیے گھر بنانا، ان کے کپڑے سینا اور انہیں کھانا کھلانا پسند تھا، جبکہ ان کا بھائی کرکٹ اور فٹ بال کھیلتا تھا۔ ان کے مطابق، خواتین میں محبت، نگہداشت اور پرورش کا جذبہ قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے اور عورتوں کا پہلا فرض ایک اچھی ماں بننا ہے۔
کنگنا کے اس مؤقف پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا، جہاں بعض صارفین نے ان کی حمایت کی، جبکہ ناقدین نے اسے خواتین کے روایتی کردار کو فروغ دینے سے تعبیر کیا۔
واضح رہے کہ آنندی بین پٹیل نے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ خواتین چاہے استاد بنیں یا آئی اے ایس افسر، انہیں گھریلو امور خصوصاً کھانا پکانا سیکھنا چاہیے اور سب سے پہلے ایک اچھی ماں بننے پر توجہ دینی چاہیے۔
