مولانا فضل الرحمان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارتی میڈیا بطورپروپیگنڈا استعمال کر رہا ہے،گورنر خیبر پختونخوا

شہداء کے خون کی حرمت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، فیصل کریم کنڈی


پشاور(قدرت روزنامہ) مولانا فضل الرحمان کے متنازع خطاب پراہم حکومتی اور سیاسی رہنمائوں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارتی میڈیا بطورپراپیگنڈا استعمال کر رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ دشمن کے بیانیے کو تقویت پہنچانے والا مواد اپنے ہی ملک سے فراہم کیا جائے،شہداء اس قوم کا فخر، آزادی کی ضمانت اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں۔
سبز ہلالی پرچم کا سربلند ہونا افواجِ پاکستان، ایف سی، پولیس اورسپوتوں کے لہو کا قرض ہے،دہشت گردی کے خلاف زیادہ قربانیاں دینے والا صوبہ خیبرپختونخوا ہے،خیبرپختونخوا اپنے ہر شہید، ان کے اہلِ خانہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا شہداء پر سیاست نہیں کی جاتی بلکہ انہیں سلام پیش کیا جاتا ہے،شہداء کے خون کی حرمت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے مولانا فضل الرحمان نے ہفتے کے روز قصور میں ایک کانفرنس سے کی گئی تقریر میں عسکری حلقوں پر سیاست میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے شہدائے وطن کی قربانیوں کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی تھی۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو متنازع خطاب پر 28 جولائی کو طلب کر لیا۔
مولانا فضل الرحمان کیخلاف متنازع خطاب پر اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست میں مولانا فضل الرحمان کیخلاف نقص امن کا الزام عائد کیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کو طلب کر لیا ، عدالت نے پولیس کو بھی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

WhatsApp
Get Alert