نئے عمرہ رولز کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) عمرہ نظام میں اصلاحات کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ کمپنیاں ہی عمرہ خدمات فراہم کر سکیں گی، حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں آگئے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ نئی عمرہ پالیسی کی تیاری کیلیے عمرہ پالیسی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جس کے چیئرمین ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور مقرر کیے گئے، جبکہ وزارت داخلہ، خارجہ، قانون اور کابینہ ڈویژن کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، زائرین صرف تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے بکنگ کروائیں، غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہو گی، صرف تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرے گی۔

وزارت مذہبی امور نے عمرہ پیکیج کی ادائیگی بینکنگ چینل کے ذریعے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زائرین ادائیگی کی رسید، معاہدہ اور تمام دستاویزات محفوظ رکھیں، نئے رولز سے شفافیت، جوابدہی اور زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ عمرہ آپریٹرز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert