ڈاکٹر نبیہہ کی فیملی کورٹ میں خلع کی درخواست؛ شوہر حارث کھوکھر نے طلاق نامہ جاری کردیا
حارث کھوکھر انتہائی نامناسب اور غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہیں، مبینہ طور پر شدید بدسلوکی کی جاتی ہے اور جانوروں کی طرح ٹریٹ کیا جاتا ہے؛ خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کا مؤقف

لاہور(قدرت روزنامہ)معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ڈاکٹر نبیہہ علی خان کی جانب سے شدید الزامات کے ساتھ فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد ان کے شوہر حارث کھوکھر نے باقاعدہ طلاق نامہ جاری کرتے ہوئے طلاق اول دے دی۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر نبیہہ علی خان نے اپنے شوہر حارث حامد کھوکھر سے رشتہ ازدواج ختم کرنے کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کیا، خلع کی درخواست میں ڈاکٹر نبیہہ علی نے اپنے شوہر کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حارث کھوکھر انتہائی نامناسب اور غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہیں، مبینہ طور پر شدید بدسلوکی کی جاتی ہے اور جانوروں کی طرح ٹریٹ کیا جاتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ درخواست میں شوہر پر مبینہ طور پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے اور اچھے کردار کا مالک نہ ہونے کے بھی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، ڈاکٹر نبیہہ نے استدعا کی کہ ان نامساعد حالات میں شادی برقرار رکھنا ناممکن ہے، اس لیے عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر نبیہہ کی جانب سے خلع کا دعویٰ سامنے آنے کے فوری بعد ان کے شوہر حارث حامد کھوکھر نے باقاعدہ قانونی طلاق نامہ جاری کر دیا، طلاق نامے کے اہم نکات ہیں کہ حارث کھوکھر کا نکاح مسمات نبیہہ علی خان دختر سلیم خان سے 7 نومبر 2025ء کو طے پایا اور 1 لاکھ روپے حق مہر موقع پر ادا کیا گیا تھا، کچھ عرصہ خوشی سے رہنے کے بعد دونوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے، جنہیں بہتر بنانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن حالات ٹھیک نہ ہو سکے۔
حارث کھوکھر نے اپنے پورے ہوش و حواس میں بلا جبر اقرار کرتے ہوئے کہا کہ اب نبیہہ علی خان کے ساتھ رہنا کسی طور ممکن نہیں رہا لہٰذا وہ اپنی زوجہ کو طلاقِ اول دیتے ہیں اور اپنے حقِ زوجیت سے آزاد کرتے ہیں، میعادِ عدت گزرنے کے بعد مسمات نبیہہ علی خان دوسرا نکاح کرنے میں آزاد ہوں گی اور اب فریقین کے مابین کوئی لین دین باقی نہیں ہے۔
