لاہور میں مون سون کا نیا سپیل، اربن فلڈنگ سے نظامِ زندگی مفلوج، ڈیفنس اور کینٹ بھی ڈوب گئے
نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل، ایئرپورٹ پر ریکارڈ 262 ملی میٹر بارش، پروازیں متاثر

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور میں رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری شدید موسلا دھار بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی، ایئرپورٹ پر ریکارڈ 262 ملی میٹر بارش کے بعد کینٹ، ڈیفنس، والٹن اور کیولری گراؤنڈ سمیت متعدد پوش اور نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، سڑکیں دریا بننے اور انڈر پاسز ڈوبنے کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی جبکہ پروازوں کی آمد و رفت میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش کے باعث شہر کا سیوریج سسٹم مفلوج ہوگیا، ڈیفنس فیز 3 کے A، B اور C بلاکس میں بارش کا پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا، مین ڈیفنس روڈ، والٹن روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی مرکزی شاہراہ دریا کا منظر پیش کرنے لگی، ڈیفنس انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا اور آمد و رفت مکمل معطل ہو گئی، لاہور کینٹ میں سیوریج ناکام ہونے سے علی ویو گارڈنز، علی پارک اور نادرا آباد میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی جہاں 262 ملی میٹر بارش ہوئی، مناواں میں 200 ملی میٹر، تاجپورہ میں 151 ملی میٹر، کاہنہ میں 142 ملی میٹر، شادی پورہ میں 129 ملی میٹر، مغل پورہ میں 127 ملی میٹر اور اپر مال پر 111 ملی میٹر بارش ہوئی، دیگر علاقوں میں جوہر ٹاؤن میں 80، چوک ناخدا 60، نشتر ٹاؤن 54، اقبال ٹاؤن 51، گلبرگ 49، ڈیفنس روڈ 45، سمن آباد 29، جیل روڈ اور پانی والا تالاب 26، لکشمی چوک و فرخ آباد 24، سگیاں 21 اور گلشنِ راوی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ آج پورا دن بارش کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہے گا۔
بتایا گیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اطراف میں بارش کے باعث فضائی آپریشن میں شدید دشواری کا سامنا ہے، لاہور سے کراچی، دبئی، جدہ، ابوظہبی اور استنبول جانے اور آنے والی کم از کم 6 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کی جانب روانگی سے قبل اپنی متعلقہ پروازوں کے شیڈول کی معلومات ضرور حاصل کرلیں۔
