یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز نے شادی، طلاق، بچے کی پیدائش ، پوری فیملی لائف کو عجیب تماشہ بنایا ہوا ہے،کرن ناز

لاہور (قدرت روزنامہ) اینکر پرسن و صحافی کرن ناز کا کہنا ہے یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز نے شادی، طلاق، بچے کی پیدائش، پوری فیملی لائف کو عجیب تماشہ بنایا ہوا ہے۔ تواتر سے طلاق کو سوشل میڈیا کی زینت بنایا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا 6 مہینے پہلے شادی کرنے والی ابھی ایک اور موصوفہ کی طلاق ہوئی جگہ جگہ انٹرویو دیتی پھر رہی ہیں،غالباً مسلمان گھرانے سے ہیں۔ کوئی انٹرویو کرنے والا ہی بتادے کہ طلاق کے فوراً بعد کچھ مہینوں کی عدت ہوتی ہے۔جسمیں صرف بحالت مجبوری/عذر عورت گھر سے باہر نکل سکتی ہے۔میاں بیوی لباس ہوتے ہیں ایک دوسرے کا۔ اگر راستے الگ کرہی لیے ہیں تو پورے پاکستان کو بتانے کی کیا ضرورت ہے کہ آپکے کمرے میں کیا ہوتا رہا۔
کرن ناز نے مزید کہا انٹرویو کرنے والے بھی کچھ لحاظ کرلیں اپنے ویوز کے چکر میں یہ نہ بھولیں پاکستان میں کئیں بچے بچیاں اسی غلیظ کانٹینٹ سے انسپائیر ہوکر اپنی زندگیاں برباد کررہے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر میاں بیوی کمپرومائز کرنے کے بجائے طلاق لے کر ایک دوسرے کی عزت اچھالتے پھرتے ہیں۔اولاد کو بھی خاطر میں نہیں لاتے کہ آپ دونوں میاں بیوی نہیں رہے۔بچوں کے لئیے تو ساری زندگی وہی ماں اور وہی باپ رہیں گے۔پاکستان میں اس وقت طلاق کی شرح چھتیس فیصد پر آگئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بہت کچھ پروڈکٹو بن بھی سکتا ہے چل بھی سکتا ہے۔خدارا اپنی ذاتی زندگیوں کو بیچنا بند کریں۔
