وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے اہم ملاقات

پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان کے مسائل کا حل باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے: مولانا عبدالواسع


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، مجموعی سیاسی و سماجی حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کا مثبت کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی اور امن دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں ترقی، خوشحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا۔
اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے بھی امن و استحکام کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے۔

WhatsApp
Get Alert