سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی،فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے وقتی طور پر کچھ ریلیف پیدا ہوگیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے سستا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ قیمت 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے تک آ گئی ہے جو گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 944 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے رجحان، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، مرکزی بینکوں کی پالیسیوں اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کی صورتحال سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔
ان عوامل کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آنے سے مقامی مارکیٹ میں بھی سونا سستا ہوا۔
صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
تاہم عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے فیصلے قیمتوں کے آئندہ رخ کا تعین کریں گے، دوسری جانب خریداروں نے قیمتوں میں کمی کو خریداری کے لیے مثبت موقع قرار دیا ہے۔
