’آزاد کشمیر کی صورت حال پر بی بی سی رپورٹ حقائق کے منافی ہے‘

مظفر آباد(قدرت روزنامہ)سیکریٹری اطلاعات آزاد جموں و کشمیر محمد راشد حنیف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی صورت حال پر بی بی سی کی رپورٹ حقائق کے منافی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری اطلاعات آزاد کشمیر محمد راشد حنیف کا کہنا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ میں جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے مسلح عناصر کو پناہ دے رکھی ہے، انہوں نے ہنگامے کرکے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔

راشد حنیف نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے مسلح جتھوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، 2025 میں بھی کالعدم کمیٹی کے ہنگاموں میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

سیکریٹری اطلاعات آزاد کشمیر نے کہا کہ کالعدم مسلح تنظیم کے دو کارندوں کے اعترافی بیانات بھی سامنے آچکے ہیں، انہوں نے راستے بند کرکے اشیائے خورونوش کی ترسیل روکنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص یا تنظیم ریاست اور قانون سے بالاتر نہیں ہے، قیام امن کے لیے حکومت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert