کراچی کی ٹرانسپورٹ پر ڈرامے کا کلپ شیئر کرکے عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی پر طنز کردیا

بھئی ماننا پڑے گا کراچی کی ترقی اور ٹرانسپورٹ کی مشہوری تو اب ڈراموں میں تفریح کیلئے استعمال ہورہی ہے، واہ بھائی! پنجاب کی وزیر اطلاعات کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر طنزیہ پیغام


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کراچی کی ٹرانسپورٹ سے متعلق نجی ٹی وی کے ایک ڈرامے کا منظر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پر طنز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنی پوسٹ میں عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ ’بھئی ماننا پڑے گا، کراچی کی ترقی اور ٹرانسپورٹ کی مشہوری تو اب ڈراموں میں تفریح کے لیے استعمال ہو رہی ہے، واہ بھائی!‘۔
عظمیٰ بخاری کی جانب سے شیئر کیے گئے ڈرامے کے کلپ میں کردار کراچی کی بسوں میں سفر کی مشکلات بیان کرتے ہوئے اشعار پڑھتے ہیں، جن میں کہا جاتا ہے کہ ’کراچی کی بس میں سفر ہو رہا ہے، سفر ہر قدم پُرخطر ہو رہا ہے، جو دامن تھا دامن بدر ہو رہا ہے، جو مسافر ادھر تھا اُدھر ہو رہا ہے، جو کالر تھا گردن میں رہ گیا ہے، جو ٹماٹر تھا تھیلے میں ٹر رہ گیا ہے، خدا جانے مرغا کدھر رہ گیا ہے، ہاتھ میں تو صرف پر رہ گیا ہے، کوئی کام اگر ہم سے ہو رہا ہے، تو بس کراچی کی بس میں سفر ہو رہا ہے‘۔


دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر بھی طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر مختصر پیغام جاری کیا، انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اُف! ہم ڈر گئے‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسکراتے ہوئے ایموجیز بھی شیئر کیے، جبکہ اپنی اس پوسٹ میں وزیراطلاعات پنجاب نے یہ سوال بھی کیا کہ ’اب کیا ہوگا؟‘۔


واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے گزشتہ شام ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا، جس میں مسلم لیگ ن کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’میں مسلم لیگ ن کے دوستوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ آپ کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے، اب میری تحریک کشمیر اور گلگت بلتستان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے پاکستان میں چلائی جائے گی‘۔

WhatsApp
Get Alert