عمران خان کی گرفتاری کو 3 سال ہونے پر لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج، متعدد کارکن گرفتار
لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری کی کوشش وکلاء نے ناکام بنادی، احتجاج کے دوران صحافی بھی پولیس کارروائی کی زد میں آ گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہونے پر لاہور میں پارٹی کی جانب سے احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس نے مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، ایوانِ عدل کے اطراف اور دیگر علاقوں میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔
ایوان عدل کے باہر سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش وکلاء نے ناکام بنا دی pic.twitter.com/cXZ6O1GeEJ
— Shakir Mehmood Awan (@ShakirAwan88) August 5, 2026
اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وکلاء نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں جانے سے روک دیا، تاہم پولیس نے ایوانِ عدل کے باہر سے پی ٹی آئی کارکنوں اور وکلا کو حراست میں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا، پولیس نے کارروائی کے دوران رکن پنجاب اسمبلی عمر ورک سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
مبین عارف جٹ ایم این اے
احمر رشید بھٹی ایم پی اے
اویس ورک ایم پی اے سمیت تحریک انصاف کے 20 سے زائد ورکرز کو اب تک لاہور سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ pic.twitter.com/LbrCWLfQ6m— Muhammad Umair (@MohUmair87) August 5, 2026
بتایا گیا ہے کہ مبین عارف جٹ ایم این اے، احمر رشید بھٹی ایم پی اے اور اویس ورک ایم پی اے بھی موقع پر موجود تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا، لاہور بھر میں پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنوں کو مختلف مقامات سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں، ادھر پی ٹی آئی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک صحافی بھی پولیس کارروائی کی زد میں آ گیا، آج ٹی وی کے کورٹ رپورٹر ناطق ریحان کو پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے حراست میں لیا، متعدد اہلکاروں کی جانب سے ان پر تشدد کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
نہتے صحافی پر لاہور کے پولیس اہلکاروں کا تشدد،، وزیر اعلی پنجاب دیکھیں ان کے ماتحت پولیس کیا کررہی ہے pic.twitter.com/SqDkEZ8H0O
— Muhammad Ashfaq (@m__ashfaq) August 5, 2026
دوسری جانب انصاف یوتھ ونگ کی جانب سے کینال روڈ پر عمران خان کی رہائی کے حق میں ریلی بھی نکالی گئی، ریلی کی قیادت انصاف یوتھ ونگ سینٹرل پنجاب کے صدر بیرسٹر میاں حسن شکیل اور جنرل سیکرٹری دبیر الحسن شاہ نے کی، جبکہ سینٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے کارکنوں نے اس میں شرکت کی، شرکاء نے عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
