لاہور: پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن میں بدانتظامی پر محسن نقوی برہم، 2 اعلیٰ افسران عہدوں سے فارغ

لاہور(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انچارج پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کو عہدے سے ہٹانےکا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں اور شہریوں نے وزیر داخلہ سے شکایات کے انبار لگا دیے۔
پاسپورٹ بنوانے آئے شہریوں نے محسن نقوی کو بتایا کہ صبح سےآئے ہیں، کئی کاؤنٹرز پرعملہ موجود نہیں، 4 گھنٹوں سے باری نہیں آئی، ایجنٹ مافیا سرگرم ہے، باہر ایجنٹ کو 5 ہزار 500 روپے دیےہیں، ایجنٹس سرعام جلد کام کرانے کے پیسے مانگتے ہیں، بزرگ شہری نے بتایاکہ آج پاسپورٹ ملنا تھا مگر عملہ کہہ رہا ہے کہ ابھی پرنٹ نہیں ہوا۔
وزیر داخلہ نے فرائض میں غفلت پر انچارج پاسپورٹ آفس ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو عہدے سے ہٹانےکا حکم دے دیا جبکہ پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹا دیا۔
اس موقع پر وزیرداخلہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پراحکامات دیے اور شہریوں سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر معذرت خواہ ہیں، آپ کو سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔
