ایس سی او اجلاس کے اعلامیے پر دستخط, پاکستان ایک سال کے لیے صدارت سنبھالے گا

شنگھلئی(قدرت روزنامہ)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہانِ مملکت کونسل کی میٹنگ جاری ہے، جہاں اجلاس کے اعلامیے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے دستخط کر دیے ہیں۔

پاکستان 27-2026 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں جاری ہے، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر تجارت جام کمال خان شامل ہیں۔ وزیر اعظم کرغزستان کے صدر سے دو طرفہ ملاقات کے علاوہ ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

بشکیک پہنچنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے تحمل، مذاکرات اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا قیام 2001 میں چین، روس اور وسطی ایشیا کی چار ریاستوں نے سکیورٹی فورم کے طور پر کیا تھا۔

گزشتہ 25 برسوں کے دوران تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد اور اس کے اثر و رسوخ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس کے مقاصد اور عملی ایجنڈے اب بھی کسی حد تک غیر واضح ہیں اور عالمی سطح پر تنظیم کی شناخت محدود ہے۔

اس وقت شنگھائی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک ہیں جن میں چین، روس، انڈیا، ایران، پاکستان، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد ممالک تنظیم کے ساتھ ’ڈائیلاگ پارٹنر‘ کی حیثیت سے وابستہ ہیں۔

WhatsApp
Get Alert