سیاسی مسائل کا حل بات چیت سے ممکن، محمود خان اچکزئی پورے بلوچستان کے مسائل پر جرگہ بلائیں: مسلم لیگ (ن)

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں امن و امان کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں: جمال شاہ کاکڑ


تمام سیاسی قوتوں کو بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں مل کر کردار ادا کرنا چاہیے: جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات جلد معمول پر آئیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے جامع اقدامات کر رہے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے مسائل کے حل اور امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور مثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کوئٹہ میں پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے بلوچستان کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بارہا بلوچستان سمیت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی پیشکش کی گئی ہے، بلکہ جب مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں تھی، اس وقت بھی شہباز شریف نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل بات چیت، مشاورت اور جمہوری عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ تمام سیاسی قوتوں کو بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے پورے بلوچستان کے مسائل پر جرگہ بلائیں اور تمام سیاسی و قبائلی عمائدین سمیت مختلف طبقاتِ فکر کو اعتماد میں لے کر صوبے کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا مل کر کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert