وزیراعظم ریلیف اسکیم میں توسیع؛ 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والوں کیلئے بھی رعایت کا اعلان
یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کو بھی سبسڈی میں شامل کرلیا گیا، ملک بھر کے شہریوں سے موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا؛ وزیراعظم آفس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں جاری وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کے دائرہ کار میں مزید توسیع کرتے ہوئے کم مقدار میں پیٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ ڈرائیورز کے لیے نیا فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو بھی فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی کی بنیاد پر ہفتہ وار 500 روپے کی فوری رعایت فراہم کی جائے گی، ملک بھر کے شہریوں سے موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو بغیر کسی دشواری کے ریلیف مل سکے۔
بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو ایک ہفتے میں 1 ٹوکن اور مہینے میں کل 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے، جس کے ذریعے وہ اپنی ضرورت کے مطابق کم مقدار میں پیٹرول خرید کر بھی رعایت حاصل کر سکیں گے، اسی طرح 800 سی سی تک گاڑی رکھنے والے مالکان کے لیے 10 لیٹر کے 3 ٹوکنز کے ذریعے ہر 10 روز بعد 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کرنے کا طریقہ کار پہلے کی طرح جاری رہے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو اس ریلیف پروگرام میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ 20 سال پرانی سواریوں کے مالکان بھی اس کا فائدہ اٹھا سکیں، یہ ریلیف اسکیم آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت کے تمام اہل شہریوں کے لیے کھلی ہے اور حکومت کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے 9771 پر بھیجے جانے والے تمام رجسٹریشن ایس ایم ایس (SMS) کو بالکل مفت کردیا گیا۔
