مکھیاں بھی اس لکھائی سے بڑی ہوتی ہیں، ایف آئی آر کے چھوٹے فونٹ پر چیف جسٹس عالیہ نیلم برہم

لاہور (قدرت روزنامہ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے چھوٹے فونٹ میں ایف آئی آر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا مکھیاں بھی اس لکھائی سے بڑی ہوتی ہیں”۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پولیس کی جانب سے ایف آئی آر میں انتہائی باریک اور چھوٹے فونٹ کے استعمال کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سابق ایس ایچ او تھانہ چوہنگ کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جب ایف آئی آر پیش کی گئی تو چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایف آئی آر میں اتنا چھوٹا فونٹ کیوں استعمال ہوتا ہے؟ مکھیاں بھی اس لکھائی سے بڑی ہوتی ہیں!”

عدالت میں موجود ایس پی سے جب ایف آئی آر پڑھنے کو کہا گیا تو وہ بھی اسے پڑھنے میں ناکام رہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ “ایف آئی آر پڑھنے کے قابل ہی نہیں ہوتی، عینک کے ساتھ بھی نہیں پڑھی جا رہی، پیپر پڑھتے پڑھتے نگاہ ختم ہو جاتی ہے، اور یہ مسئلہ ہر مقدمے میں نظر آ رہا ہے۔”

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو رپورٹ سمیٹ طلب کر لیا۔

عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر کے فونٹ کو بڑا کرنے اور واضح بنانے کے لیے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب سے اس حوالے سے کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ مستقبل میں پولیس ڈرافٹنگ کے نظام کو واضح اور قابلِ پڑھت بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert