’’گرین ٹریکٹر اسکیم‘‘ میں 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

لاہور (قدرت روزنامہ) “گرین ٹریکٹر اسکیم‘‘ میں 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا، اسکیم کے لیے کل 2,13,637 کسانوں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “گرین ٹریکٹر اسکیم‘‘ کے چوتھے فیز کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے باقاعدہ شروعات کر دی، جبکہ اس کے ساتھ ہی اسکیم کے پانچویں فیز کے لیے آن لائن پورٹل کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے دوران پنجاب حکومت کسانوں کو مجموعی طور پر 19,500 ٹریکٹرز فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی موجودگی میں کی گئی ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں اٹک سے تعلق رکھنے والے مسعود خان ولد لعل خان کا پہلا ٹریکٹر نکل آیا۔
اس فیز کے تحت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10,000 ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن پر حکومت فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی۔
پانچویں فیز کے تحت 75 سے 125 ہارس پاور کے 9,500 ٹریکٹرز دیے جائیں گے، جن پر فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے اس اسکیم کے لیے 17.6 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، پروگرام کے تحت اب تک 24,000 ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اسکیم کے لیے کل 2,13,637 کسانوں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، جن میں سے نادرا اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ذریعے تصدیق کے بعد 1,28,757 کسانوں کو قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق مریم نواز کے ڈھائی سالہ دورِ حکومت میں اب تک 35,000 ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ 20 سالوں میں صرف 10,000 ٹریکٹرز دیے گئے تھے۔
اسی طرح گزشتہ ڈھائی سالوں میں زرعی میکنائزیشن پر 20 ارب روپے خرچ کیے گئے، جبکہ پچھلی دو دہائیوں میں یہ حجم صرف 3 ارب روپے تھا۔
