بھارت کا ایس ایس جی حوالدار کو مارنےکا دعویٰ بے نقاب، پاک فوج نے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوڑ دیا

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بھارتی فوج نے فالس فلیگ آپریشن میں ایک دہشت گرد کو مارنےکا دعویٰ کیا اور کہا کہ ہلاک دہشت گرد محمد آصف ایس ایس جی کا ریٹائرڈ حوالدار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارت کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 29 ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کیا، 29 ستمبر کی رات کو بھارتی آرمی کی کور نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی، بھارتی فوج کے دعوےکے مطابق انہوں نے مقبوضہ کشمیرکے علاقے میں آپریشن کیا، بھارتی کور نے دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے اور دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بعد میں بھارت نے دعویٰ کیا کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی کور نےکہا کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی ہے، دعویٰ کیا گیا کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت محمد آصف کے نام سے ہوئی، بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق پاکستان سے ہے، دعویٰ کیا کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی نیوز ایجنسی نے سروس نمبر کے ساتھ تفصیلات کا دعویٰ کیا، بھارت نے دعویٰ کیا کہ آصف نے مختلف علاقوں میں حملےکیے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ محمد آصف پر بھارتی حکومت نے دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کا الزام لگایا، بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ آصف کے دیگر تین ساتھی بھی مارے گئے، بھارتی دعوؤں کے مطابق آصف ایسا سپرمین تھا جو یہ ساری کارروائیاں کرتا رہا، محمد آصف پر پہلگام سمیت مختلف کارروائیوں کا الزام لگایا گیا، پاک فوج کے سپاہی جس کے بارے میں بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا وہ یہاں موجود ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نےمحمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایس ایس جی کے حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں حوالدار محمد آصف کا کہنا تھا کہ میں ڈسٹرکٹ اٹک پنڈی گھیب کا رہنے والا ہوں،کل مجھے دوستوں کے فون آئےکہ مجھے بھارتی فورسز نے ماردیا ہے، انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ مجھے بھارت نے شہید کردیا ہے، شہادت کی من گھڑت خبر کے بعد مجھے فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں، مجھے حیرت ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں تو مجھےکیسے بھارتی فوج نے شہیدکردیا ہے۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائر ہوا ہوں، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں، بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت الزام کی شدید مذمت کرتا ہوں، میں ایک سکیورٹی کمپنی میں کام کرتا ہوں، راولپنڈی میں رہتا ہوں، بھارت نے میرے ملک پر غلط الزام لگایا ہے، میں زندہ ہوں، راولپنڈی میں رہتا ہوں، آپ کے سامنے ہوں۔
بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزیدکہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کےلیے دہشت گرد تنظیموں کو اسپانسرکرتا ہے، بھارت کے اس فالس فلیگ ڈرامے کی 6 وجوہات ہیں، پہلی چیز، ہم جانتے ہیں بھارت دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، ہمیں سمجھنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے،مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے بڑی جیل ہے، مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوج اور دیگر اداروں کے اہلکار موجود ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جانے کے لیے اجازت لینی پڑتی ہے، بھارت سمجھتا ہے کہ ہر مسئلےکو دہشت گردی سے حل کیا جاسکتا ہے، بھارت اپنی دہشت گردی کو چھپانے کےلیے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، بھارت ایسے ڈراموں سے اپنی دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، آج کا ہندوستان انکاؤنٹرستان بن چکا ہے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر اور اقلیتوں کے خلاف اپنے جرائم کا الزام محمد آصف پر نہ ڈالے، ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نےکہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو کچھ کر رہا ہے اس سے اس کی ذہنیت کا پتا چلتا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر اور اقلیتوں کے خلاف اپنے جرائم کا الزام محمد آصف پر نہ ڈالے، بھارتی فوج سیاسی ہوگئی ہے اس کا ایجنڈا ہندوتوا بن چکا ہے، بھارتی وزیراعظم اور دیگر ریاستی سطح پر کی گئی دہشت گردی کو فخریہ بیان کرتے ہیں۔
بھارت کچھ کرنا چاہتا ہے تو آجائے ہمارا ردعمل بہت سخت ہوگا،ڈی جی آئی ایس پی آر
ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہےکہ ہمارا پالا گھٹیا دشمن سے پڑا ہے، ہمارا ہمسایہ ایک گھٹیا اور کم ظرف ملک ہے، بھارت کیسا ملک ہے، ابھی نندن کو ایوارڈ دیا گیا کہ آپ نے اپنا جہاز گرا دیا، ہمارے پاس ایک ایسا ہمسایہ ہے جو سمجھتا ہےکہ ہر چیز کو جھوٹ سے سلجھایا جاسکتا ہے، بھارت کچھ کرنا چاہتا ہے تو آجائے ہمارا ردعمل بہت سخت ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ملکی سلامتی کے لیے جوکرنا پڑا کریں گے، بھارت کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے تو کرکے دیکھ لے، دشمن کے ہراقدام کے لیے مکمل تیار ہیں، اگر وہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، ہم ہمیشہ تیار ہیں۔
حرمین شریفین کی سکیورٹی پر پاکستان کا عزم بالکل واضح اور پختہ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر نےکہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے مکمل پُرعزم ہے، مکہ الائنس پر میڈیا پر بات نہیں کی جاسکتی، مکہ الائنس کے تحت دفاعی تعاون کی معلومات مکمل طور پر کانفیڈینشل ہیں، حرمین شریفین کی سکیورٹی پر پاکستان کی کمٹمنٹ ابسلوٹ ہے، حرمین شریفین کا دفاع اور مملکت سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کےلیے تیار ہیں۔
افواج پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ صوبوں سے بات چیت کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، فوج کا سیاست سےکوئی تعلق نہیں ہے، افواج پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہے، پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے، ہمارے لیے سب اہم چیز یہ ہےکہ ریاست ہے تو سیاست ہے، کسی کی سیاست کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، نیشنل ایکشن پلان سیاستدانوں نے بنایا اب اس پر عمل درآمد کریں ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کے تحفظ کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے، کالعدم بی ایل اے اور کالعدم ٹی ٹی پی میں کوئی فرق نہیں،دونوں کالعدم گروپوں کو افغان طالبان کی سپورٹ حاصل ہے۔
