یوٹیوب، انسٹاگرام یا واٹس ایپ؟ پاکستانی بچوں کی پسند سامنے آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان میں بچوں کے درمیان یوٹیوب سب سے زیادہ استعمال ہونے والی موبائل ایپ بن گئی ہے۔کاسپرسکی کے مطابق 2026 کے پہلے 8 ماہ میں پاکستانی بچوں کی ایپ سرگرمی میں یوٹیوب کا حصہ 31.2 فیصد رہا
سائبر سیکیورٹی کمپنی کاسپرسکی کے تجزیے کے مطابق 2026 کے پہلے 8 ماہ کے دوران پاکستانی بچوں کی ایپ سرگرمی میں یوٹیوب کا حصہ 31.2 فیصد رہا۔ اس فہرست میں انسٹاگرام 18.8 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ واٹس ایپ 17.4 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ فیس بک کا حصہ 10.8 فیصد رہا، جبکہ ٹک ٹاک 5.7 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
آن لائن گیمز بھی بچوں کی توجہ کا مرکز
کاسپرسکی کے مطابق پاکستان میں بچوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے 10 نمایاں آن لائن ذرائع میں ملٹی پلیئر گیمز بھی شامل ہیں۔ ان میں روبولاکس بھی شامل ہے، جسے بچے اسمارٹ فونز کے ساتھ ساتھ کمپیوٹرز پر بھی استعمال کرتے رہے۔
بچوں کو کن آن لائن خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے؟
کاسپرسکی نے خبردار کیا ہے کہ ملٹی پلیئر گیمز اور کمیونیکیشن پلیٹ فارمز کے ذریعے بچوں کا اجنبی افراد سے رابطہ ہوسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بچوں کو آن لائن گرومنگ، فشنگ، بلیک میلنگ اور نقصان دہ یا غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوششوں جیسے خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
کمپنی نے جنریٹو اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز سے جعلی مواد یا ڈیپ فیک تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، جس سے ان کی پرائیویسی اور آن لائن ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔
کاسپرسکی میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے شعبے کے سربراہ آندرے سیڈینکو نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں سے آن لائن خطرات کے بارے میں بات کریں اور انہیں حساس معلومات یا تصاویر شیئر نہ کرنے، اجنبی افراد سے رابطے سے گریز کرنے اور آن لائن گفتگو کو خفیہ رکھنے کی ہدایات دیں۔
یہ تجزیہ کاسپرسکی سیف کڈز کے گمنام ڈیٹا کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر بچوں کی ایپ سرگرمی کا جائزہ لیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert