وزیراعلیٰ سکوٹی سکیم، درخواست گزار طلبہ کیلئے اہم خبر آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سکوٹی سکیم کے تحت درخواست جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔ طلبہ و طالبات کی سہولت کیلئے لاہور کے تمام لائسنسنگ دفاتر آج بھی کھلے ہیں، جہاں سکوٹی سکیم میں حصہ لینے والے نوجوان ڈرائیونگ لائسنس اور جونیئر پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کی ہدایت پر لائسنسنگ دفاتر میں خصوصی ’’جین زی کاؤنٹرز‘‘ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد موٹر سائیکل لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات کو 9 ہزار سے زائد جونیئر پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔

موٹر سائیکل لائسنس حاصل کرنے کیلئے شہریوں کو اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا، جبکہ 16 سے 18 سال کے نوجوان بی فارم اور گارڈین کی اجازت کے ساتھ جونیئر پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے طلبہ و طالبات، خصوصاً طالبات کو بااختیار اور خودمختار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سکوٹی سکیم کے ذریعے طالبات کو اسکول، کالج اور دیگر ضروری امور کیلئے آسان سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکام نے طلبہ و طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ سکوٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے آج ہی لائسنسنگ دفاتر پہنچیں اور اپنا ڈرائیونگ لائسنس لازمی بنوائیں۔

WhatsApp
Get Alert