پنجاب کا ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبہ دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نے عالمی سطح پر اہم اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ نے پنجاب کے اس رہائشی منصوبے کو 2026ء کے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ اعزاز کم آمدن والے خاندانوں کے لیے محفوظ، مناسب اور سستے گھروں تک رسائی بڑھانے میں منصوبے کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
یہ اعزاز 5 اکتوبر 2026ء کو عالمی یومِ رہائش کے موقع پر عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہونے والی تقریب میں پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو منصوبے کی خصوصی دعوت پر تقریب میں شرکت اور اعزاز وصول کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب عمان کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔
یو این ہیبی ٹیٹ کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے کا انتخاب دنیا بھر سے موصول ہونے والی نامزدگیوں کے جامع اور مسابقتی جائزے کے بعد کیا گیا۔ ادارے نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اور اس کے پروگرام کو کم آمدن والے گھرانوں کے لیے مناسب محفوظ اور سستی رہائش کے مواقع میں اضافے کے حوالے سے نمایاں قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق ہر سال دنیا بھر سے صرف پانچ پروگراموں کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر کے لیے منتخب کیا جاتا ہے پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام ان پانچ عالمی پروگراموں میں شامل ہے جبکہ میانمار، برازیل، تیونس اور لندن بھی 2026ء کے اعزاز کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت 10 ستمبر 2026ء تک 200,072 درخواست گزاروں کو 259.68 ارب روپے کے بلاسود ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جا چکے تھے۔ منصوبے کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں 196 ارب روپے سے زائد کے قرضے 134,439 گھروں کی تعمیر کے لیے فراہم کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں 62 ارب روپے سے زائد کے قرضے 65 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے جاری کیے گئے۔ دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 125 ہزار خاندان ان گھروں میں منتقل بھی ہو چکے ہیں۔
’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام اگست 2024ء میں شروع کیا گیا تھا اور اسے پنجاب حکومت کے بڑے فلاحی اور رہائشی منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد ایسے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود مالی سہولت فراہم کرنا ہے جو اپنے ذاتی گھر سے محروم ہیں لیکن رہائشی ضرورت پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس پروگرام کی اہم خصوصیت اس کا ڈیجیٹل نظام بھی ہے، جس کے ذریعے ہاؤسنگ فنانس کی درخواست، جانچ پڑتال اور دیگر مراحل کو ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھایا جاتا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور پہلا مکمل ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس پروگرام قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی اعزاز کو پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے اسے ان کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا مقصد محض مکان فراہم کرنا نہیں بلکہ محروم خاندانوں کو تحفظ، استحکام اور باوقار زندگی کا موقع دینا ہے۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس عالمی اعزاز کو پنجاب کے لیے اہم کامیابی قرار دیا۔ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اعزاز وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خوشحال، بااختیار اور باوقار پنجاب کے وژن کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام سے منسلک ایک اہم عالمی اعزاز ہے، جو مناسب اور سستی رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولیات، شہری بحالی اور قدرتی آفات کے بعد تعمیر نو سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے

WhatsApp
Get Alert