موبائل پیکجز کے حوالے سے نئی تبدیلی آنے والی ہے، صارفین تیار رہیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مجوزہ نئے قواعد کے تحت ملک بھر میں موبائل ڈیٹا، کال اور ایس ایم ایس پیکجز کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ نئے قواعد کے نفاذ کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے مختلف پیکجز کی قیمتوں پر نظرثانی کی جا سکتی ہے جس کا براہ راست اثر موبائل صارفین پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ٹیلی کمیونیکیشن کمپٹیشن رولز 2026 کا مسودہ تیار کیا ہے جس کے تحت پی ٹی اے کو ٹیلی کام مارکیٹ کی نئی تعریف متعین کرنے اور مارکیٹ کی صورتحال پر سخت نگرانی کے وسیع اختیارات حاصل ہوں گے۔
مجوزہ قواعد کے مطابق پی ٹی اے وقت کے ساتھ تکنیکی تبدیلیوں، مارکیٹ کے حالات اور صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیلی کام سیکٹر کا وقتاً فوقتاً جائزہ لے سکے گا اور ضرورت پڑنے پر مارکیٹ کی حدود دوبارہ متعین کرنے کا اختیار رکھے گا۔
نئے نظام کے تحت ریگولیٹر صارفین کی طلب، دستیاب متبادل سہولیات، قیمتوں کے رجحان اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مسابقت اور قیمتوں کے تعین سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گا۔
دستاویزات اور پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق جون 2025 سے جون 2026 کے دوران جاز، ٹیلی نار، زونگ اور یوفون کے 10 بڑے سبسکرائبر پیکجز کا جائزہ لیا گیا جس میں مختلف پیکجز کی قیمتوں میں مجموعی طور پر تقریباً 12 سے 22 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
تاہم پی ٹی اے نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ٹیلی کام کمپنیاں ہر ماہ 10 سے 20 فیصد تک قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہونے والے اضافے کو ماہانہ اوسط میں دیکھا جائے تو یہ تقریباً ایک سے دو فیصد بنتا ہے۔
مجوزہ نئے قواعد کے نفاذ کے بعد ٹیلی کام مارکیٹ میں پیکجز کی قیمتوں اور مسابقتی صورتحال کا نئے سرے سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں موبائل ڈیٹا، کال اور ایس ایم ایس پیکجز کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹیلی کام صارفین کے لیے اہم بات یہ ہے کہ نئے قواعد ابھی مجوزہ مرحلے میں ہیں، اس لیے پیکجز کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو حتمی فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حتمی صورتحال قواعد کے نفاذ اور اس کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے واضح ہوگی
