سرکاری افسران اپنی اور اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت ظاہر کریں، حکومت نے 90 دن کی ڈیڈ لائن دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے تمام سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت ڈیکلیئر کرنے کا حکم دیتے ہوئے 90 دن کی مہلت دے دی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سرکاری افسران کو اپنی اور اپنے لواحقین کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا پابند کر دیا ہے، تمام وزارتوں، ڈویژنوں، صوبائی چیف سیکریٹریز اور آئی جیز (پولیس افسران) کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا سرکاری گزٹ میں قواعد کی اشاعت کے 90 دن کے اندر تمام سول سرونٹس اپنے متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو ڈیکلیئریشن جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

ڈیکلیئریشن میں افسر اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ/سفری دستاویزات اور کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی تمام تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ ڈیکلیئریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کو ‘بدعنوانی و بدسلوکی’ تصور کیا جائے گا۔

وقت پر حلف نامہ جمع نہ کرانے یا حقائق چھپانے والے افسران کے خلاف سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت سخت قانونی و انضباطی کارروائی کی جائے گی۔تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ بلا تاخیر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت کی تفصیلات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کریں۔

WhatsApp
Get Alert