پنجاب، سرکاری میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافہ، 15 ہزار روپے فیس میں 35 ہزار ماہانہ اضافہ، 50 ہزار روپے ہوگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے ٹیوشن فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین پر مالی بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کی ٹیوشن فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس طرح فیس میں 35 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے، جو سابقہ فیس کے مقابلے میں 233 فیصد سے زائد بنتا ہے۔
نئی فیس کا اطلاق رواں سال داخلہ لینے والے طلبہ پر ہوگا، جبکہ گزشتہ سالوں میں داخل ہونے والے طلبہ سے سابقہ مقررہ فیس ہی وصول کی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت نئے داخل ہونے والے طلبہ کو پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ فیس ادا کرنا پڑے گی۔
میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم پہلے ہی طویل تعلیمی دورانیے اور دیگر اخراجات کے باعث طلبہ اور والدین کے لیے ایک بڑا مالی چیلنج ہے۔ ایسے میں ٹیوشن فیس میں اضافے سے بالخصوص متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اپنے بچوں کی طبی تعلیم کے اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
