سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بلوچستان کے اہل امیدواروں کی وفاقی ملازمتوں میں بھرتیوں کے لیے سیل قائم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں میں بھرتی کے عمل کو آسان بنانے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اور بڑا اقدام کیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ‘بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل’ قائم کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ خصوصی سیل وفاقی محکموں اور وزارتوں میں بلوچستان کے کوٹے کے مطابق شفاف اور بروقت بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

سیل وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے موجودہ طریقہ کار کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لے گا، بلوچستان کے امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں کے حصول میں درپیش تمام انتظامی اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جائے گا۔

صوبے کے دور دراز علاقوں کے امیدواروں کے لیے وفاقی آسامیوں تک آگاہی اور رسائی بہتر بنانے سے متعلق اہم تجاویز اور اقدامات مرتب کیے جائیں گے۔

امیدواروں کی سہولت کے لیے یہ سیل تمام مختلف وفاقی وزارتوں اور متعلقہ ذیلی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا، سیل اس بات کو ہر صورت یقینی بنائے گا کہ تمام بھرتیاں مقررہ قواعد، وفاقی پالیسی اور بلوچستان کے طے شدہ کوٹے کے مطابق ہوں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا کہ جوائنٹ سیکریٹری (ریگولیشن) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اس خصوصی سیل کا مجموعی انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

شاہد نواز کو ‘بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل’ کا کوآرڈی نیٹر نامزد کر دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert