سیکیورٹی فورسز کا ’آپریشن رد الفتن 3‘ کے تحت کامیاب انٹیلی جنس آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک

کیچ کے علاقے میناز میں خواتین کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد


بلوچستان میں امن دشمن عناصر کا مکمل صفایا کیا جائے گا، سیکیورٹی فورسز کی کلیئرنس کارروائیاں جاری
تربت / کیچ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ‘آپریشن رد الفتن 3’ کے تحت فتنہ الہندوستان کے عناصر کے خلاف پیش قدمی کرتے ہوئے ضلع کیچ کے علاقے میناز میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن انجام دیا ہے، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بولیدہ کے علاقے میناز میں دہشت گردوں نے ناکہ بندی کے دوران دو خواتین کو اپنے ہمراہ زبردستی لے جانے(اغوا کرنے)کی ناکام کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر اقدام کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پیچھا کیا۔تعاقب کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر روپوش دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور علاقے کو پاک کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف تمام تر کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور صوبے میں امن کے قیام تک تمام دہشت گردوں کا آخری حد تک صفایا کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert