اپوزیشن اتحاد ’’نئے میثاق جمہوریت‘‘ کیلیے تیار، مولانا کو گرین سگنل دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اپوزیشن اتحاد نے نئے میثاق جمہوریت کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے اور اس حوالے سے فضل الرحمان کو گرین سگنل دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں نئے میثاق جمہوریت کی تجویز پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے گرین سگنل دے دیا ہے۔

اس حوالے سے اپوزیشن اتحاد نے نومبر کے دوسرے ہفتے میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی پلیٹ فارم سے متفقہ چارٹر آف ڈیموکریسی کا اعلان کیا جائے گا۔

متحدہ اپوزیشن اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ کی بیٹھک بھی ہوئی، جس میں تمام اراکین کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا اور مولانا فضل الرحمان کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر 9 یا 10 نومبر کو اے پی سی بلانے پر غور کر رہے ہیں جب کہ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی شرائط مشاورت سے طے کی جائیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیاسی مسائل ایک دوسرے کو سننے اور ساتھ بیٹھنے سے حل ہوتے ہیں۔ ملک کے حالات بہتر بنانے کیلیے ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اسی حوالے سے پروگرام آن مائی ریڈار میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے لیے بھی ہم تیار ہیں۔ جب آئین میں ترمیم ہو سکتی ہے تو چارٹر آف ڈیموکریسی میں کیوں نہیں ہو سکتی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 6 ماہ بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج ختم ہو جائے گا، تاہم ایمرجنسی قائم رہے گی۔ صوبائی اسمبلی بھی بحال ہو جائے گی لیکن سہیل حکومت بحال نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیاسی جماعتوں کو نیا میثاق جمہوریت کرنے کی تجویز دی تھی۔

WhatsApp
Get Alert