پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ڈیزل فی لیٹر 85 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 91 پیسے برقرار رکھی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 400 روپے 67 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث توانائی اور خوراک سمیت مختلف اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ عالمی بینک کی جاری کردہ کموڈیٹی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق سال 2026 کے دوران عالمی اجناس کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ متوقع ہے، جبکہ توانائی کی قیمتیں 32 فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔
قیمتوں میں اضافے کے اثرات عالمی معیشت، مہنگائی اور عام صارفین کی قوتِ خرید پر مرتب ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 2026 کے دوران 91 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے، جبکہ خوراک کی عالمی قیمتوں میں 10 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت، نقل و حمل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں مہنگائی کا دباؤ مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
عالمی بینک نے رپورٹ میں نشاندہی کی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جبکہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے اثرات بحیرہ? اسود کے راستے زرعی اجناس کی ترسیل پر بھی پڑ رہے ہیں۔
