گیس و بجلی کی بندش نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، ، عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کو منظم کر کے سڑکوں پر لائیں گے: نصراللہ زیرے

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط افغانیہ خروٹ آباد علاقائی کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کانفرنس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ روشان، مرکزی سیکرٹری اللہ نور خان چیئرمین، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز پروفیسر اسد خان اور محمود ریاض، ضلعی ایگزیکٹو کے ارکان سید عبداللہ آغا، عصمت اللہ ترین اور اکبر کلیوال، صوبائی کمیٹی کے ارکان فضل الرحمان الکوزئی، فرید کمال سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حافظ منان نے حاصل کی۔اس موقع پر علاقائی سیکرٹری نے گزشتہ تنظیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کانفرنس کے سینکڑوں مندوبین نے منظوری دی۔ بعد ازاں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت اکبر کلیوال سیکرٹری، گل محمد افغان سینئر معاون سیکرٹری جبکہ محمد گل، ظاہر شاہ، ہارون خان، نیاز محمد افغان، عرفات خان، عبدالحق، محمدآصف خان، نعمت اللہ، علی محمد، امین اللہ کاکڑ اور قدرت اللہ خروٹی معاونین منتخب ہوئے۔ پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔کانفرنس کے کلی اجلاس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ روشان، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکرٹری اللہ نور خان چیئرمین، محمود ریاض، پروفیسر اسد خان ترین اور سردار اکبر خان نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض ندا سنگر اور عصمت اللہ ترین نے انجام دیے۔مقررین نے کامیاب علاقائی کانفرنس کے انعقاد پر پارٹی کارکنوں اور افغانیہ خروٹ آباد کے تمام عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تنظیمی کانفرنسز قومی سیاسی شعور، تنظیمی استحکام اور اجتماعی جدوجہد کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون غیور ملت کی ملی وحدت، قومی واک اختیار، پشتونستان کے قیام، پشتو زبان کو پشتون قوم کی قومی اور دفتری زبان کا درجہ دلانے اور اپنے قدرتی وسائل پر قومی اختیار و کنٹرول کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے اکابرین اور شہداء نے پشتون قومی حقوق، قومی تشخص اور قومی خودمختاری کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ بالخصوص ملی شہید عثمان خان کاکڑ اور پارٹی کے عظیم رہنما عبدالرحیم خان مندوخیل کے نظریات، سیاسی فکر اور قومی جدوجہد پارٹی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پارٹی انہی اصولوں اور نظریات کی روشنی میں اپنی قومی جمہوری جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیدار اور پارٹی کارکن تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے، عوامی مسائل اجاگر کرنے اور قومی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔مقررین نے افغانیہ خروٹ آباد اور اس کے گردونواح میں گیس کی شدید قلت، بجلی کی عدم دستیابی اور طویل لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث عام شہری انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام افغانیہ خروٹ آباد اور گردونواح کے عوام کو گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کریں۔ مقررین نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں مسلسل حکومتی غفلت کے خلاف پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنی تنظیمی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو منظم کرے گی اور ضرورت پڑنے پر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی۔
