مضبوط تنظیم ہی سیاسی جماعت کا اصل سرمایہ ہے، کارکن عوامی رابطہ مہم گھر گھر پہنچائیں: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
قومی و جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے نظریاتی ہم آہنگی ناگزیر، نیشنل پارٹی مظلوم طبقات کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی: سابق وزیراعلیٰ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ مضبوط تنظیم ہی ایک سیاسی جماعت کی اصل طاقت ہوتی ہے، کارکنوں کو باہمی اتفاق، اعتماد اور سیاسی ہم آہنگی کے ساتھ پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔وہ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی رہنما محمود رند اور عبدالمنان بلوچ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور، کوئٹہ میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور مستحکم بنانے اور پارٹی پروگرام عوام تک پہنچانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر حاجی عبدالصمد بلوچ نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ضلع کیچ کے 500 سے زائد ممبرشپ کارڈز حوالے کیے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے رجسٹریشن آفس کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ضلع کیچ میں ہزاروں کارکنوں کو ممبرشپ کارڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رجسٹریشن آفس کی ٹیم ملک بھر میں ممبرسازی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا مثر کردار جاری رکھے گی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے تمام کارکن باہمی اتفاق، اعتماد، عزت و احترام اور سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے پارٹی کا پروگرام کوئٹہ کے گھر گھر پہنچائیں۔ کارکن عوام کے ساتھ اپنے روابط مضبوط بنائیں اور پارٹی کی قومی و جمہوری جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر حاجی عبدالصمد بلوچ نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی طویل سیاسی جدوجہد، اصولی سیاست اور قومی و جمہوری حقوق کے لیے ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت، بلوچستان کے قومی حقوق، جمہوریت کی مضبوطی اور محکوم و مظلوم طبقات کی آواز بلند کرنے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت اور نظریاتی وابستگی پارٹی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔حاجی عبدالصمد بلوچ، محمود رند اور عبدالمنان بلوچ نے پارٹی سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ قیادت کے فیصلوں، پارٹی نظریے اور پروگرام پر اعتماد رکھتے ہوئے تنظیمی استحکام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام علاقوں میں پارٹی کو فعال اور منظم بنانے، عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
