مریم نواز اپنی گفتگو اور لہجہ درست کریں، ق لیگ کا ردعمل

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ق کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، ق لیگ کے ترجمان مصطفیٰ ملک نے مریم نواز کے لہجے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرور اور تکبر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کے لیے زیبا ہے، اس لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی گفتگو اور لہجہ درست کرنا چاہیئے، چوہدری سالک حسین نہ ہوتے تو آج نہ آپ وزیراعلیٰ ہوتیں اور نہ ہی آپ کی طبلہ نواز بخاری صاحبہ وزیر ہوتیں۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ترجمان ق لیگ نے مریم نواز کے ہرجانے کے نوٹس کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نوٹس دیں گی تو اس کا بھرپور قانونی اور سیاسی جواب بھی دیا جائے گا، چوہدری شجاعت حسین اور ق لیگ نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اقتدار مریم نواز کے حوالے کیا تھا، چوہدری سالک حسین کے والد کی قربانیوں کی بدولت ہی آج وہ صوبے کی وزیراعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہیں۔
مصطفیٰ ملک نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2023ء کا طے شدہ معاہدہ اپنی تکمیل کو پہنچ جاتا تو آج مریم نواز کبھی بھی وزیراعلیٰ نہ ہوتیں، اس لیے احسان فراموشی سے کام لینے کے بجائے ماضی کے حقائق کو مدنظر رکھا جائے، ہم حکمران اتحاد کے اتحادی ہیں، تو کیا حکومت کے کسی بھی غلط اقدام یا پالیسی پر خاموشی اختیار کرلیں؟ عزت دیں گی تو بدلے میں عزت پائیں گی اور جو لوگ خود شیشے کے گھروں میں بیٹھے ہوں وہ دوسروں پر پتھر برسانے کی جرات نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ پنجاب حکومت کے اچھے کاموں اور فلاحی اقدامات کی دل سے تعریف کی ہے، لیکن حیرت کی بات ہے کہ مریم نواز سے ذرا سا گلہ یا تنقید بھی برداشت نہیں ہوئی، اگر سیاسی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر اور طریقہ نہیں آتا تو وہ اپنے انکل سے اس کی تربیت حاصل کرلیں، اس قسم کی دھمکیوں اور ہرجانے کے نوٹسز سے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور وہ عوامی مفاد کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
