رابعہ جاوید اور رمشا صلاح الدین کو اپنے شوہروں میں ’ابوبکر‘ کی جھلک نظر آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ 5‘ کی سابقہ امیدوار رابعہ جاوید اور رمشا صلاح الدین نے کہا کہ اپنے شوہروں کی ذات میں انہیں ’درِ نجات‘ کے ’ابوبکر‘ کی جھلک نظر آتی ہے۔
پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں گزشتہ روز رابعہ جاوید اور رمشا صلاح الدین نے اپنے شوہروں کے ساتھ شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
اس دوران دونوں نے شوہروں کی خوبیوں کا ذکر کیا جو انہیں شہریار منور کے مشہور کردار ’ابوبکر‘ کی یاد دلاتی ہیں۔
رابعہ نے بتایا کہ جب بھی وہ اپنے شوہر، شہرام علی کے ساتھ ’درِ نجات‘ دیکھتی ہیں تو وہ اکثر محسوس کرتی ہیں کہ ان کے شوہر کی شخصیت ’ابوبکر‘ سے کتنی ملتی جلتی ہے۔
رمشا کے نزدیک ان کے شوہر کا رشتوں اور دوستیوں کے حوالے سے رویہ انہیں دوسروں سے ممتاز بناتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ انہیں دوسری لڑکیوں کی تصاویر دکھاتی ہیں تو وہ کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کرتے، اس کے علاوہ وہ اپنے دوستوں کے بارے میں ہونے والی چہ میگوئیوں یا ’گپ شپ‘ میں بھی حصہ نہیں لیتے، رمشا کے خیال میں کسی بھی جیون ساتھی میں یہ خوبیاں انتہائی مثبت اشارے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم ’درِ نجات‘ ایک ساتھ دیکھتے ہیں۔ اگرچہ مرد عام طور پر ڈرامے نہیں دیکھتے لیکن جب بھی میں ’درِ نجات‘ دیکھ رہی ہوتی ہوں، تو میں ان کی طرف دیکھ کر کہتی ہوں کہ وہ بالکل ’ابوبکر‘ جیسے ہیں، میں انہیں دیکھتی ہوں تو مجھے ’ابوبکر‘ ہی نظر آتا ہے۔
واضح رہے کہ درِ نجات میں شہریار منور ’ابوبکر‘ کا کردار نبھا رہے ہیں جو پاکستان ہی نہیں بلکہ پڑوسی ممالک بنگلادیش اور بھارت میں بھی مقبول ہوگیا ہے اور لڑکیوں کی خواہش ہے کہ انہیں ابوبکر جیسا ہی مثالی شوہر ملے، مداح ’ابوبکر‘ کے کردار کی تعریف کررہے ہیں۔
درِ نجات کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور ثاقب خان اس کے ہدایت کار ہیں جبکہ یہ تھریز انٹرٹینمنٹ کا پہلا ڈرامہ ہے جبکہ اسے جمعے اور ہفتے کی رات 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل اور ایپلیکیشن اے آر وائی پلس پر نشر کیا جاتا ہے۔
