ملک میں ایک ماہ کے دوران 5 ہزارنئی کمپنیوں کی رجسٹریشن

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں اکتوبر 2026 کے دوران 5 ہزار 3 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
اس پیشرفت کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 21 ہزار 794 ہوگئی، اس دوران 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن ہوئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق نئی کمپنیوں میں 55.4 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ اور 41.6 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں، پنجاب میں 2 ہزار 663، اسلام آباد میں 934 اور سندھ میں 751 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 382، گلگت بلتستان میں 162 اور بلوچستان میں 111 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں سب سے زیادہ کمپنیاں آئی ٹی سیکٹر میں رجسٹرڈ ہوئیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 991 اور ٹریڈنگ میں 767 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ سروسز میں 594 اور کنسٹرکشن میں 295 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ فوڈ اینڈ بیوریجز میں 219، سیاحت میں 213 اور رئیل سٹیٹ میں 170 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں،ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 173 غیر ملکی سرمایہ کار ڈائریکٹر بنے جبکہ کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کی شراکت 13 فیصد رہی۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو کے مطابق کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ملک میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا مظہر ہے، ملک میں کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے لیے کارپوریٹ کمپلائنس کو ڈیجیٹل کر رہے ہیں،ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ جتنی زیادہ نئی کمپنیاں بنیں گی، ملک میں اتنے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
