’’ہمارے 10 بچے بھی ہو جائیں تو فلک کی پہلی ترجیح میں ہی رہوں گی‘‘، سارہ خان کا دلچسپ انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)’’ہمارے 10 بچے بھی ہو جائیں تو فلک شبیر کی پہلی ترجیح میں ہی رہوں گی۔ مجھے بچے بہت پسند ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ ہمارے خاندان میں زیادہ بچے ہوں۔ اگر مستقبل میں میرا بیٹا ہوا تو میں اس کی پرورش اپنی بیٹیوں سے مختلف انداز میں کروں گی۔‘‘
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان نے اپنی ازدواجی زندگی، بچوں کی پرورش، شوہر فلک شبیر کی محبت اور مستقبل میں خاندان بڑھانے سے متعلق کئی دلچسپ انکشافات کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
مقبول ڈراموں ’ثبات‘، ’رقصِ بسمل‘، ’ہم تم‘، ’نمک حرام‘ اور ’شیر‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی سارہ خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے کئی ایسے پہلوؤں سے پردہ اٹھایا جن کے بارے میں مداح پہلے نہیں جانتے تھے۔
پروگرام کے دوران سارہ خان نے پہلی مرتبہ اپنی چھوٹی بیٹی رانیہ کا چہرہ ٹیلی ویژن پر دکھایا اور خصوصی طور پر بتایا کہ انہوں نے اس سے پہلے کسی بھی میڈیا پلیٹ فارم پر رانیہ کا چہرہ ظاہر نہیں کیا تھا۔
اداکارہ کے مطابق یہ وہ پہلا شو ہے جہاں ناظرین ان کی بیٹی کو دیکھ رہے ہیں۔ رانیہ کی تصاویر دیکھ کر میزبان ندا یاسر نے کہا کہ وہ اپنی بڑی بہن عالیانہ سے کافی مشابہت رکھتی ہیں، تاہم ان کے چہرے پر والد فلک شبیر کی جھلک بھی نظر آتی ہے، البتہ عمر بڑھنے کے ساتھ بچوں کے نقوش بدلتے رہتے ہیں۔
شو کے دوران ایک مداح نے سوال کیا کہ کیا دونوں بیٹیوں کی پیدائش کے بعد فلک شبیر کی محبت تقسیم ہوگئی ہے؟ اس سوال پر سارہ خان نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سوال عالیانہ سے پوچھنا چاہیے کیونکہ وہ گزشتہ روز اس بات پر رو رہی تھی کہ بابا نے رانیہ کو ’آئی لو یو‘ کہا، جبکہ اس سے غصے میں بات کی، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے اور فلک شبیر کے چاہے 10 بچے بھی ہو جائیں، وہ جانتی ہیں کہ شوہر کی پہلی ترجیح ہمیشہ وہی رہیں گی۔ سارہ خان نے بتایا کہ فلک شبیر اپنی دونوں بیٹیوں سے بے حد محبت کرتے ہیں، تاہم وہ اپنی اہلیہ کی خوشی اور صحت کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کی آمد کے بعد ان کے رشتے میں محبت کی کمی نہیں آئی بلکہ وہ ایک خوشگوار خاندانی زندگی گزار رہے ہیں۔
سارہ خان نے مستقبل میں بیٹے کی خواہش اور اس کی پرورش کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی دونوں بیٹیوں عالیانہ اور رانیہ کو بہت لاڈ پیار سے پالا ہے اور ان کی ہر خواہش پوری کرنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن اگر اللہ نے انہیں بیٹے سے نوازا تو وہ اس کی پرورش مختلف انداز میں کریں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو بیٹیوں کی طرح زیادہ لاڈ پیار سے نہیں بگاڑیں گی بلکہ اس کی تربیت میں مختلف طریقہ اختیار کریں گی۔
سارہ خان کے مطابق انہیں بچوں سے بے حد محبت ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ ایک خاندان میں بہن بھائیوں کی تعداد زیادہ ہونی چاہیے تاکہ بچے ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر بڑے ہوں اور ان کے درمیان محبت کا مضبوط رشتہ قائم ہو۔ انہوں نے بتایا کہ فلک شبیر بھی بچوں کو بہت پسند کرتے ہیں، تاہم مزید بچوں کی خواہش کے باوجود وہ سب سے زیادہ ان کی صحت کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔
پروگرام میں سارہ خان نے زچگی کے بعد ہونے والے ڈپریشن کے اپنے تجربے پر بھی کھل کر گفتگو کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ بڑی بیٹی عالیانہ کی پیدائش کے بعد وہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن کا شکار ہوئی تھیں اور اس دوران معمولی سی بات بھی انہیں بری لگ جاتی تھی، جس کی وجہ سے وہ اکثر جذباتی ہوکر رونے لگتی تھیں۔ انہوں نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ انہوں نے فلک شبیر سے کہا کہ ہمیں بچوں کے ساتھ تصویر لینی چاہیے، جس پر فلک نے جواب دیا کہ آپ تصویر کھینچ لیں، بس اتنی سی بات پر وہ رونے لگیں۔
سارہ خان کے مطابق اس وقت ان کی جذباتی کیفیت ایسی تھی کہ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی انہیں بہت زیادہ متاثر کرتی تھیں۔ تاہم اداکارہ نے واضح کیا کہ دوسری بیٹی رانیہ کی پیدائش کے بعد انہیں اس طرح کے ڈپریشن کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر خاتون کا جسم اور تجربہ مختلف ہوتا ہے، اسی لیے زچگی کے بعد ڈپریشن کی علامات اور شدت بھی ہر خاتون میں ایک جیسی نہیں ہوتیں۔
واضح رہے کہ سارہ خان اور معروف گلوکار فلک شبیر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں کی دو بیٹیاں عالیانہ اور رانیہ ہیں اور یہ جوڑا اکثر سوشل میڈیا پر اپنی خوشگوار ازدواجی زندگی اور بچوں کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتا رہتا ہے۔ سارہ خان نہ صرف ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث مقبول ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی بڑی تعداد میں مداح موجود ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں دانش تیمور کے ساتھ کامیاب ڈرامہ سیریل ’شیر‘ میں اپنی اداکاری سے خوب پذیرائی حاصل کی، جبکہ وہ جلد ایک نئے ڈرامے میں بھی نظر آئیں گی جس کے لیے انہوں نے معاہدہ کرلیا ہے۔
