سعودی عرب کا پاکستانی ورکرز کو 24 گھنٹوں میں ویزوں کے اجرا میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے پاکستانی ورکرز کو 24 گھنٹوں کے اندر ویزوں کے اجرا کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مملکت میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں بھی ہر ممکن معاونت کا وعدہ کیا ہے۔
یہ یقین دہانی سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقامی نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران کرائی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کو درپیش مشکلات اور مملکت میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی سفیر نے یقین دلایا کہ پاکستانی ورکرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ویزوں کے اجرا کا عمل 24 گھنٹوں میں مکمل کرنے کے لیے تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم اور کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے میں بھی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستانی عوام کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے 2009 کے ایک واقعے کا خصوصی ذکر کیا، جس میں ایک پاکستانی شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 14 سعودی شہریوں کی جانیں بچائی تھیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب میں ہنرمند پاکستانی ورکرز کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بدلتی ہوئی سعودی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تربیت فراہم کرکے اپنی افرادی قوت کو تیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب میں افرادی قوت کی طلب اور وہاں کے آجروں کو درکار مہارتوں سے متعلق معلومات پاکستان کے ساتھ بروقت شیئر کی جائیں تاکہ پاکستانی ورکرز کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ورکرز کو درپیش مسائل کے فوری حل، ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
