جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز اور بائیومیٹرک تصدیق کی فراہمی ! بڑا معاہدہ ہوگیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز اور بائیومیٹرک تصدیق کی فراہمی کا اہم معاہدہ ہوگیا، جس میں جدید ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز اور بائیومیٹرک تصدیق کی فراہمی کا اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد صوبے میں جرائم کی تفتیش کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مشتبہ افراد کی فوری شناخت کو ممکن بنانا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی باوقار تقریب میں آئی جی بلوچستان پولیس اور ڈی جی نادرا سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت بلوچستان پولیس کو جدید ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پولیس کو ‘آئی ڈی موبائل ایپ’ کی سہولت ملے گی، جس کے ذریعے اہلکار موقع پر ہی شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق کر سکیں گے۔
نادرا فرانزک ایپ کے ذریعے جائے وقوعہ یا چیک پوسٹوں پر فنگر پرنٹس اور چہرے کی فوری شناخت کی سہولت میسر ہوگی، جس سے شناختی کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل دستاویزات کی جانچ زیادہ موثر ہو جائے گی۔
کوائف کی رازداری: معاہدے میں شہریوں کے ذاتی ڈیٹا، کوائف کے تحفظ اور راز داری کو مکمل طور پر یقینی بنانے کی ضمانت دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی سنگین جرائم کی تفتیش، مشتبہ افراد کی بروقت نشاندہی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی۔
