نئی گاڑی خریدنے کا خواب! کم آمدنی والے طبقے کے لیے بڑی خوشخبری آگئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا کہنا ہے کہ ایک ہزار سی سی یا اس سے کم انجن والی گاڑیوں مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کے لیے ہیں، ان پر کوئی بھی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ’نئی آٹو پالیسی 2026ء‘ کے اہم خدوخال کا اعلان کر دیا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف دینا، مقامی صنعت کا فروغ، برآمدات میں اضافہ اور گاڑیوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی خاص ہدایت پر 1000 سی سی (ایک ہزار سی سی) یا اس سے کم انجن والی گاڑیوں پر کوئی بھی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
1000 سی سی یا اس سے کم انجن والی گاڑیوں پر کوئی بھی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، ہارون اختر
مشیرِ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کے لیے ہیں، لہٰذا ان پر عوام کو مکمل ریلیف دیا جائے گا۔
الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کو آسان بنانے کے لیے وزیراعظم نے خصوصی رعایت دی ہے جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فائنانسنگ کی حد 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1 کروڑ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ اس کی باز ادائیگی کی مدت کو بھی 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی حفاظت اور معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لیے اقوامِ متحدہ کے WP-29 کے 45 اضافی سیفٹی اسٹینڈرڈز نافذ کیے جا رہے ہیں، تاکہ ملک میں تیار شدہ اور درآمد شدہ تمام گاڑیاں دنیا کی محفوظ ترین گاڑیاں بن سکیں۔
شفافیت اور ایڈوانس بکنگ پر پابندیاں: آٹو پالیسی میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ہر 6 ماہ بعد تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، اس کے علاوہ صارفین کا استحصال روکنے کے لیے 20 فیصد سے زیادہ ایڈوانس بکنگ رقم لینے پر پابندی عائد ہو گی۔

WhatsApp
Get Alert