سرکاری ملازمین کےلیے نئی پالیسی متعارف، بڑی پابندیاں عائد


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے بیرون ملک تعیناتی کے خواہشمند سرکاری ملازمین کے لیے نئی اور سخت میرٹ پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت امیدواروں کے لیے تحریری امتحان، مہارت کا ٹیسٹ اور انٹرویو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشنز میں سرکاری ملازمین کی تعیناتیوں پر ہوگا۔ اس کے تحت کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز اور سیکیورٹی گارڈز سمیت مختلف عملے کا انتخاب مقررہ معیار اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
پالیسی کے مطابق کمرشل اسسٹنٹس کے انتخاب میں تحریری امتحان کو 60 فیصد، انٹرویو کو 30 فیصد جبکہ ملازم کی سابقہ کارکردگی کو 10 فیصد نمبر دیے جائیں گے۔ تحریری امتحان کے لیے 70 اور مہارت کے ٹیسٹ کے لیے 30 نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ امتحان میں مجموعی طور پر 50 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نااہل قرار پائیں گے۔
امیدواروں کو اسلام آباد میں پٹاد (PETAC) کے تحت امتحان دینا ہوگا جبکہ کامیاب ہونے والے ملازمین کے لیے بیرون ملک روانگی سے قبل چار ہفتوں کی تربیت حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز کا انتخاب سنیارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ امیدواروں کے پاس کم از کم پانچ سال پرانا مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہوگا، جبکہ ٹیسٹ کے دوران جی پی ایس اور گوگل میپس استعمال کرنے کی صلاحیت بھی جانچی جائے گی۔
بیرون ملک تعیناتی کے خواہشمند ملازمین کے لیے وزارت تجارت میں کم از کم پانچ سال مسلسل سروس کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ بیرون ملک تعیناتی کی معمول کی مدت تین سال ہوگی جبکہ واپس آنے والے افسران دو سال بعد دوبارہ تعیناتی کے اہل ہوں گے۔
پالیسی کے مطابق دو مرتبہ بیرون ملک تعیناتی حاصل کرنے والے ملازمین دوبارہ اس موقع کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح ایک ہی تجارتی مشن میں مسلسل چھ سال گزارنے والے ملازمین بھی دوبارہ تعیناتی کے لیے نااہل قرار پائیں گے۔
اس کے علاوہ محکمانہ کارروائی، بڑی سزاؤں یا ناقص کارکردگی کے حامل ملازمین کو بھی بیرون ملک تعیناتی نہیں دی جائے گی۔ بیرون ملک روانگی کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس اور طبی فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، جبکہ ملازمین کے ہمراہ جانے والے اہل خانہ کے لیے بھی طبی فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ضروری ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert