آپ کو عمران خان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا پڑے گا، مخصوص نشستیں واپس کرنا ہوں گی، بلاول
سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، مولانا فضل الرحمان کے سوالوں کا جواب دیں، عمران خان کا نام لینا سیکھو، ہمیں پسند ہو یا نہ ہو وہ اسٹیک ہولڈر ہیں، ان کے بغیر ملک نہیں چل سکتا؛ چیئرمین پیپلزپارٹی کا مطالبہ

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور مخصوص نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی نظام کو مستحکم کرنے اور پارلیمان کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے عمران خان، پاکستان تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔
کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان کا نام لینا سیکھو اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ساتھ عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہمیں کوئی پسند ہو یا نہ ہو، تمام سیاسی جماعتیں ملک کی اسٹیک ہولڈر ہیں اور ان کے بغیر ملک کا نظام نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی مخصوص نشستیں اپنی جیب میں ڈال کر حکومتی بینچوں پر بیٹھنا جمہوریت نہیں ہے، اس لیے یہ مخصوص نشستیں ہر صورت اپوزیشن کو واپس کرنا ہوں گی اور سیاسی قیدیوں کو بھی آزاد کرنا پڑے گا کیونکہ آج نہیں تو کل یہ سب کچھ ہونا ہی ہے۔
ملک کی آئینی و پارلیمانی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت کے ذریعے منظور کروائی گئی، حکومت مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کا سنجیدگی سے جواب دے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ہی یہ کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، اگر واقعی یہ چاہا جاتا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہو اور پارلیمان درست طریقے سے کام کرے تو سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں نظام کے کولیپس ہونے کی اصل اور بنیادی وجوہات پر بات کرنے کے بجائے صرف سطحی علاج پر توجہ دی جا رہی ہے، اور جب تک ان بنیادی وجوہات کا حل تلاش نہیں کیا جائے گا، نظام کو مستحکم کرنا ممکن نہیں ہوگا، 1947ء سے لے کر آج تک یہی روایت چلی آ رہی ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے اسے جیل جانا پڑتا ہے اور جو جیل جاتا ہے وہ پھر دوبارہ وزیراعظم ہاؤس میں جا کر بیٹھ جاتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل ہمارے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے اور پھر شکوہ کیا جاتا ہے کہ سسٹم کولیپس ہو چکا ہے، اس موقع پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے ایک بار اپنی تقریر میں درست سوال اٹھایا تھا کہ “کیا ہم سب چیونٹیاں ہیں؟”۔
