جنوبی امریکا میں شہد کی مکھی کو انسانوں جیسے قانونی حقوق مل گئے

امریکہ (قدرت روزنامہ)جنوبی امریکی ملک پیرو میں پائی جانے والی بغیر ڈنک کی ’شہد کی مکھیاں‘ انسانوں جیسے قانونی حقوق پانے والی پہلی حشرات بن گئی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ پیرو کی دو میونسپل حکومتوں کی جانب سے جاری اعلامیے کا مقصد جنگلات کے ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کے لیے انتہائی اہم ان مکھیوں کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی آبادی کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
دنیا بھر میں بغیر ڈنک کے وجود رکھنے والی شہد کی مکھیوں کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں، جن میں سے 175 سے زائد اقسام پیرو کے برساتی جنگلات میں موجود ہیں۔ محض 5 ملی میٹر تک جسامت رکھنے والی یہ مکھیاں پودوں کی افزائشِ نسل (پولی نیشن) میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
تصویر : سی این این
ماحولیاتی تنظیموں، ماہرین اور مقامی قبائل ’اشانینکا‘ کی طویل جدوجہد کے بعد پیرو کے دو صوبوں ستیپو اور ناؤٹا کی مقامی حکومتوں نے ’ایمازونین اسٹنگ لیس بیز کے حقوق کا اعلامیہ‘ منظور کیا۔ اس قانون کے تحت ان مکھیوں کو زندہ رہنے، افزائش پانے، آلودگی سے پاک ماحول حاصل کرنے اور عدالتوں میں اپنی نمائندگی کا حق حاصل ہو گیا ہے۔
اس تاریخی اقدام کے پیچھے کیمیکل بایولوجسٹ اور غیر منافع بخش ادارے ’ایمازون ریسرچ انٹرنیشنل‘ کی بانی روزا واسکیز ایسپینوزا کی کاوشیں شامل ہیں، جنہیں اس کام پر 2026 کے ’رولیکس ایوارڈز لاریٹ‘ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔
ان کے مطابق تحقیق کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ پیرو کے قانون میں بے ڈنک شہد کی مکھیوں کا کہیں ذکر موجود نہیں تھا، حالانکہ یہ ملک کی مقامی نسلوں میں شامل ہیں۔
ایسپینوزا کے مطابق ’یہ مکھیاں عدالت میں خود اپنا دفاع نہیں کر سکتیں، لیکن ہم انسان بے زبانوں کی آواز بن سکتے ہیں۔‘
دلچسپ امر یہ ہے کہ اگرچہ ان مکھیوں کو ’اسٹِنگ لیس‘ یعنی بغیر ڈنک کے شہد کی مکھی کہا جاتا ہے لیکن نام کے برعکس ان مکھیوں میں ڈنک موجود ہوتا ہے تاہم وہ غیر فعال ہوتا ہے، اس لیے یہ مکھیاں اپنے چھتوں کے دفاع کے لیے بھنبھناہٹ اور کاٹنے کا سہارا لیتی ہیں۔
پیرو کے اشانینکا قبائل (تصویر بذریعہ گایا فاؤنڈیشن)
رپورٹ کے مطابق یہ قانون سازی جدید سائنس اور مقامی قبائل کی صدیوں پرانی روایتی دانش کا حسین امتزاج ہے۔ اس قانون سے مقامی اشانینکا کمیونٹی کو بھی فائدہ ہوگا جو روایتی ادویات اور خوراک کے لیے ان مکھیوں کے شہد اور پولینیشن پر انحصار کرتی ہے۔
حشرات کے حقوق کی تنظیمیں مکھیوں کے حقوق کی خلاف ورزی (مثلاً محفوظ چھتے والے درخت کاٹنے) پر پیرو کی عدالتوں سے رجوع کر سکیں گی۔
اگرچہ اس قانون کے تحت ابھی تک کوئی مقدمہ عدالت میں نہیں آیا، لیکن حکام اور مقامی افراد نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن میں مکھیوں کے تحفظ کی ورکشاپس، اسکولوں کے نصاب میں اس موضوع کی شمولیت اور مقامی منڈیوں کا قیام شامل ہے۔
پیرو کے کوزکو خطے کی مزید دو میونسپلٹیوں نے بھی اس قانون کو اپنا لیا ہے، جبکہ چھ براعظموں کے 14 ممالک کی تنظیموں نے بھی اپنی مقامی مکھیوں کے تحفظ کے لیے اس ماڈل میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
