پاکستان میں انٹرنیٹ کا بڑا بریک ڈاؤن، ایکس، فیس بک اور چیٹ جی پی ٹی سمیت کئی ایپس متاثر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستانی ساحل کے قریب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہو گئی ہیں جس کے نتیجے میں ایکس، فیس بک اور چیٹ جی پی ٹی سمیت متعدد آن لائن پلیٹ فارمز تک صارفین کی رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صارفین کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس تک رسائی میں تعطل کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ متعدد صارفین کو ایپس اور ویب سائٹس کھولنے کی کوشش پر’This site can’t be reached‘کا پیغام دکھائی دے رہا ہے جبکہ بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی متاثر ہونے اور سروس کے معیار میں کمی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق انٹرنیٹ سروسز کی جلد از جلد بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس، ایس ایم ڈبلیو 5 (SMW5) کنسورشیم کے ساتھ مل کر زیرِ سمندر کیبل میں خرابی کی وجوہات جاننے اور سروس کی بحالی کے ممکنہ وقت کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی رابطوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاہم انٹرنیٹ سروسز کی مکمل بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔
پی ٹی اے نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سروسز کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
