کراچی کو محفوظ شہر قرار دینے پر منال نے ایمن خان کی حمایت کر دی، تنقید کرنے والوں کو جواب


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ منال خان نے لندن میں پاکستان اور کراچی کو محفوظ شہر قرار دینے پر اپنی بہن ایمن خان کا دفاع کرتے ہوئے ان کے بیان کی حمایت کر دی۔
منال خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے نیچے تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایمن سے آخر کیا توقع کی جا رہی تھی؟
منال خان کا کہنا ہے کہ کیا اتنے بڑے پلیٹ فارم پر اپنے ہی ملک کے خلاف منفی باتیں پھیلانے کی توقع کی جا سکتی ہے؟ ایمن برطانیہ کی پارلیمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی تھیں اور انہوں نے وہی بات کی جو انہیں کرنی چاہیے تھی۔
واضح رہے کہ ایمن خان اور ان کے شوہر اداکار منیب بٹ نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کو محبت کرنے والے، مہمان نواز اور محفوظ لوگوں کا شہر قرار دیا تھا۔
اس موقع پر صحافیوں نے ایمن خان سے اداکارہ حنا الطاف کی اس ویڈیو کے حوالے سے سوال کیا تھا جس میں انہوں نے کراچی کی صورتِحال پر تنقید کی تھی۔
ایمن خان کا کہنا تھا کہ میں نے حنا الطاف کی ویڈیو نہیں دیکھی، تاہم پاکستان اور کراچی محفوظ ہیں، ہمیں اپنے ملک اور شہر سے محبت ہے، کبھی کراچی میں خود کو پابند یا قید محسوس نہیں کیا بلکہ وہاں خود کو بہت آزاد محسوس کرتی ہوں، امید ہے کہ حالات میں مزید بہتری آئے گی اور خواتین کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا۔
دوسری جانب منیب بٹ نے کہا تھا کہ سندھ کی صورتِحال ویسی نہیں جیسی بعض لوگ پیش کرتے ہیں، کسی اداکار کا بیان اس کے اپنے انفرادی تجربے کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ حنا الطاف نے حال ہی میں لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے ایک ویڈیو بنائی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لندن میں آخری ناشتہ کر کے کراچی واپس جائوں گی، جہاں ان کے بقول انہیں دوبارہ ’جیل‘ میں رہنا ہو گا۔
حنا الطاف نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں خواتین آزادانہ زندگی نہیں گزار سکتیں اور ان کے لیے سڑکوں پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert