پی ٹی آئی اپنا رویہ بدل بھی لے تو سیاسی صورتحال تبدیل نہیں ہوگی، اعزاز سید

تمام سیاسی جماعتیں طاقتور حلقوں اور اپنے سیاسی و کاروباری مفادات کے باعث ایک پیچیدہ صورتحال میں پھنسی ہوئی ہیں۔ حکومت کے اندر جو اتحادی ہیں وہ بھی بولنے لگ پڑے ہیں، بلاول بھٹو نے جو باتیں کیں وہ سب کے سامنے ہیں، سینئر صحافی اعزاز سید کا تجزیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اعزاز سید نے پروگرام رپورٹ کارڈ میں تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر پی ٹی آئی اپنا رویہ تبدیل کر لے اور باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہو جائے تو کیا پاکستان کی جو سیاسی صورتحال ہے وہ تبدیل ہو جائے گی؟ مجھے نہیں لگتا وہ تبدیل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی جماعتیں اس وقت ایک ایسی صورتحال میں پھنسی ہوئی ہیں کہ جہاں پر ان کے طاقتور حلقوں سے مفادات بھی وابستہ ہیں، ان سیاسی جماعتوں میں جو بڑے خاندان ہیں ان کے اپنے بزنس انٹرسٹ بھی اسی ملک کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، اور ان سیاسی جماعتوں کے اندر بھی ایسے اراکین موجود ہیں جو کسی نہ کسی طرح طاقتور حلقوں کو ری پریزنٹ کرتے ہیں۔
اعزاز سید کا کہنا تھا کہ جب طاقتور حلقے چاہتے ہیں کہ ان سیاسی جماعتوں کو سزا دینی ہے تو وہ ایکٹو ہو جاتے ہیں، جماعتوں کے اندر سے ایسے ایلیمنٹس نکل آتے ہیں اور پھر پولیٹیکل لیڈر شپ شرمندہ ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی کا رویہ ٹھیک ہو جائے اور ساتھ بیٹھنے سے مسئلہ حل ہو جائے گا تو مسئلہ اس سے زیادہ پیچیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات پر اتفاق ہونا مشکل ہے لیکن راستہ یہی ہے۔
آج ایک بہت بڑا موقع ہے، خالی شفاف انتخابات کی بات نہیں ہے، آج ایک اسپیس بن گئی ہے نئے چارٹر آف ڈیموکریسی کی۔
سینئر صحافی نے کہا کہ حکومت کے اندر جو ایلیز ہیں وہ بھی بولنے لگ پڑے ہیں، بلاول بھٹو نے جو باتیں کیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ بے شک وہ چپ بھی ہو جائیں لیکن اب وہ باتیں ریکارڈ پر جا چکی ہیں جو بار بار حکومت کو بھی اور خود پیپلز پارٹی کو بھی چڑائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پتا چلتا ہے کہ جب ان کے اپنے مفاد کی بات ہوتی ہے تو تب وہ کیا کرتے ہیں، صرف شفاف الیکشن اس مسئلے کا حل نہیں ہیں۔

WhatsApp
Get Alert