صوبوں کی تقسیم پر عوامی رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پارلیمنٹ میں سیر حاصل بحث ہونی چاہیے، عقیل ملک

اگر ریفرنڈم کے اندر لوگوں کی اکثریتی رائے آ جاتی ہے تو پھر ہمارے پاس بطور عوامی نمائندے کوئی جواز نہیں رہتا, وزیر قانون عقیل ملک کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے قانون عقیل ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم پر عوامی رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پارلیمنٹ میں سیر حاصل بحث ہونی چاہیے، اگر ریفرنڈم کے اندر لوگوں کی اکثریتی رائے آ جاتی ہے تو پھر ہمارے پاس بطور عوامی نمائندے کوئی جواز نہیں رہتا
صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ایک متفقہ فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں پر مشتمل ہے اور یہ معاملہ صرف مسلم لیگ (ن) کا نہیں، اس لیے حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کو اس پر مشاورت کرنی چاہیے۔
ایک اتحادی جماعت نے واضح طور پر اس تجویز کی مخالفت کی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعت کا مؤقف بھی کسی حد تک واضح ہے اور وہ اسے اپنے منشور کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کر رہی ہے۔
عقیل ملک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، چاہے وہ اپوزیشن میں ہوں یا حکومت کا حصہ ہوں۔ کم از کم جو جماعتیں حکومت کے ساتھ اتحادی ہیں، انہیں تو بیٹھ کر اس معاملے پر بات اور بحث کرنی چاہیے۔
ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے سامنے آنے کی صورت میں حکومتی اور پارلیمانی ذمہ داریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ “اگر ریفرنڈم کے اندر لوگوں کی اکثریتی رائے آ جاتی ہے تو پھر ہمارے پاس بطور عوامی نمائندے کوئی جواز نہیں رہتا۔
سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر تو عوام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب عوام نے فیصلہ دے دیا تو ہم بھی تو عوام ہی کے نمائندے ہیں۔ وہ یہ سوال کر سکتے ہیں کہ جب ہم نے اپنی رائے دے دی اور فیصلہ سنا دیا تو پھر وہ کہاں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ سمیت دیگر صوبوں کے عوام اپنے علاقوں میں بہتر انتظامی نظام چاہتے ہیں تو ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
وفاقی وزرا کی جانب سے اس معاملے پر مختلف آرا کے اظہار کے حوالے سے عقیل ملک نے کہا کہ کابینہ کا حصہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی وزیر اپنی ذاتی رائے کا اظہار نہیں کر سکتا۔ وفاقی وزرا اپنی ذاتی رائے رکھنے اور اس کا اظہار کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ معاملہ عوامی فورمز پر زیرِ بحث ہے، تاہم اس پر پارلیمنٹ کے اندر بھی سیر حاصل گفتگو ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ کا اگلا اجلاس جب بھی ہوگا، اس معاملے پر ضرور بات کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert