صوبوں کے معاملے پر بحث غلط نہیں، لیکن اس کو دیگر سیاسی تنازعات میں الجھا دیا گیا، رانا ثنا اللہ
بلاول بھٹو کے بیانات سے خاصا نقصان ہوا، جس کے بعد اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات ہوئی ، سینٹر رانا ثنااللہ کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل پر بحث غلط نہیں، معاملے کو دیگر سیاسی تنازعات میں الجھا دیا گیا، بلاول بھٹو کے بیانات سے خاصا نقصان ہوا، جس کے بعد اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات ہوئی
ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر بحث ہونا کوئی غلط بات نہیں اور نہ ہی یہ کوئی ایسا معاملہ ہے جس پر بات کرنے کی ممانعت ہو۔
ہر سیاسی رہنما اور کارکن کو اس حوالے سے اپنی رائے رکھنے اور اس کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔
وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تشکیل پر بحث صرف پاکستان تک محدود نہیں، بلکہ ہمسایہ ممالک میں بھی نئے صوبے بنتے رہے ہیں اور اس حوالے سے بحث ہوتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر بحث کا آغاز ایک اکنامک فورم سے ہوا تھا، جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موضوع کو اٹھایا۔
تاہم اس فورم پر ہونے والی گفتگو میں بعض دیگر معاملات بھی شامل کر دیے گئے اور صوبوں کی تشکیل کی ایک اہم بحث کو سیاسی نظام، وزیراعظم اور سیاست دانوں کے کردار سے متعلق بیانات کے ساتھ الجھا دیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس بحث کو غیر ضروری معاملات میں الجھانے سے صورتحال خراب ہوئی، جبکہ وزیراعظم کو بھی اس حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ اصل معاملے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔
بلاول بھٹو کے مؤقف پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر اپنی رائے کے اظہار کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم انہوں نے اس معاملے پر اختلاف کے ساتھ دیگر باتیں بھی شروع کر دیں اور خون خرابے کی باتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ “بلاول بھٹو کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ صوبوں کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر سکتے ہیں، لیکن اگر آپ نے صوبوں کی تقسیم کی مخالفت میں بات کرنی تھی تو اس کو کسی مدلل انداز میں کرتے۔
وفاقی وزیر کے مطابق بلاول بھٹو کے بیانات سے خاصا نقصان ہوا، جس کے بعد اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اصل معاملے پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔
بلاول بھٹو کے اس مؤقف کہ انہیں صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ بات انتہائی غیر یقینی ہے کہ گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے ملک میں اس معاملے پر بحث جاری ہو اور اس دوران متعلقہ قیادت کے درمیان کوئی بات چیت ہی نہ ہوئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس بحث کا آغاز کرنے والے وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے مسلسل ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، حتیٰ کہ ملاقاتوں میں چند روز کا وقفہ ہو تو وہ نواب شاہ جا کر بھی صدر سے ملتے ہیں، جبکہ صدر کی بیرون ملک موجودگی میں لندن میں بھی ملاقات ہو جاتی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا اس معاملے پر مؤقف واضح ہے کہ صوبوں کی تشکیل پر بحث کسی سیمینار، فورم یا پریس کانفرنس تک محدود نہیں رہنی چاہیے، بلکہ اگر اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہونا ہے تو وہ پارلیمنٹ کے اندر ہونا چاہیے۔
