عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے مضبوط ہوگا، ملک احمد خان
اگر آئین کا غلط استعمال ہوا ہے تو ان تمام غلط چیزوں کو آئین سے باہر نکال کر پھینک دینا چاہیئے، ریفرنڈم کیلئے پارلیمنٹ ہی وہ واحد فورم ہے جہاں کھل کر بات ہونی چاہیئے؛ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کھل کر بحث کرنی چاہیے کیونکہ عوام کا ریاست سے رشتہ اسی وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب انہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے، صوبوں کے معاملے پر نواز شریف کا بولنا حتمی اہمیت رکھتا ہے، وہ اچھا کر رہے ہیں کہ اپنا وقت لے رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر مساوی تقسیم سے محرومی اور احساسِ تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے، نئے صوبوں کا معاملہ محض انتظامی اخراجات کا نہیں بلکہ عوام کی ریاست میں شمولیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا بھی ہے، عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے، شہریوں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیئے، نئے صوبوں کا معاملہ محض انتظامی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ اس کا براہِ راست تعلق عوام کی ریاست میں شمولیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہے، نئے صوبوں کے قیام پر اٹھنے والے اخراجات کے حتمی اعداد و شمار دینا ان کا مؤقف نہیں، بلکہ اصل مسئلہ عوام کو وسائل کی منصفانہ فراہمی ہے۔
ریفرنڈم کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مؤقف اپنایا کہ عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوامی رائے نہیں لی جا سکتی، ریفرنڈم کا تصور آئین کے وجود میں آنے کے وقت سے موجود ہے اور آئین میں اس کے انعقاد کا طریقہ بھی درج ہے، اگرچہ گزشتہ دو ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں ہوئے، تاہم موجودہ ریفرنڈم اس اعتبار سے مختلف ہوگا کہ یہ پارلیمنٹ کے ذریعے سامنے آئے گا، اور پارلیمنٹ یہ طے کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ ریفرنڈم کن سوالات اور کن علاقوں میں منعقد ہونا چاہیئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ ہی واحد فورم ہے جہاں کھل کر بات ہونی چاہیے، یہ ایسا معاملہ نہیں جسے عدالتوں کے ذریعے حل کیا جائے، اگر آئین کی تشریح کی ضرورت پیش آئے تو اس کے لیے آئینی عدالت موجود ہے، اور عدالتوں کو آئین دوبارہ لکھنے کے بجائے اس کی تشریح کرنی چاہیئے، براہِ راست جمہوریت اور نمائندہ جمہوریت دونوں کی اپنی اہمیت اور آئینی حیثیت ہے، اگر آئین کا غلط استعمال ہوا ہے تو ایسی تمام غلط چیزوں کو آئین سے نکال دینا چاہیئے، وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیئے۔
ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012ء میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئی تھیں؟ پیپلزپارٹی کے مؤقف پر بھی وضاحت ضروری ہے کہ وہ سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت جبکہ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کس منطق کے تحت کرتی ہے، پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کرانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے اور اس موضوع پر ایوان میں بات ہونی چاہیے، سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنا واضح مؤقف اور اس کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنی چاہییں۔
